• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ سے پہلا ٹیسٹ، شان مسعود کپتانی بچانے میں کامیاب، پاکستان ٹیم کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، شان مسعود اپنی کپتانی برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی تاریخ میں پہلی پاکستان کے خلاف اور اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کے بعد شان مسعود کی قیادت پر سوالیہ نشان لگ گئے تھے، لیکن ان پر کم از کم پہلے ٹیسٹ کی حد تک ذمہ داری نبھانے کیلئے اعتماد کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے منگل کو انگلینڈ کے خلاف ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلئے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔اسکواڈ کے اعلان کے بعد سیریز سے قبل آرام کیلئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کر دیا گیا ہے ۔ کھلاڑی 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہوں گے،جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ منتخب کھلاڑیوں میں دو وکٹ کیپر ، محمد رضوان اور سرفراز احمد جبکہ ان فٹ فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ 15ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی کو شامل کیا گیا ہے، بنگلہ دیش کےخلاف اسکواڈ میں شامل کامران غلام اور محمد علی جگہ نہیں بناسکے۔ بورڈ کے مطابق سلیکشن پالیسی میں مستقل مزاجی اور تسلسل پر زور دینے کی وجہ سے اور اس یقین کی وجہ سے کہ ایک ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑی کافی ہیں، انہیں چیمپئنز ون ڈے کپ اور 3 اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی جاری رکھنے کا مشورہ اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے تاکہ وہ مسابقتی کرکٹ کے ذریعے تیار رہیں ۔ کھلاڑیوں میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا انتظار کررہے ہیں ۔ ہم اپنے جوشیلے فینز کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

اسپورٹس سے مزید