• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے، مزمل اسلم کا دعویٰ

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے۔

پشاور سے جاری بیان میں مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیا اور کہا کہ پنجاب کے کسان اپنے معاشی قتل کا حساب مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی اچھی کارکردگی دیکھ کر مریم نواز نے پوری تقریرکے پی حکومت کے خلاف کردی، آج مریم نواز کی کسان کارڈ کے اجراء کو کسانوں نے مسترد کردیا۔

مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے مطابق پنجاب میں 58 فیصد کم پیداوار ہوئی ہے، کارخانے بند ہو رہے ہیں، راولپنڈی کے سرکاری اسکول برائے فروخت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اب تک کتنے سولر لگائے؟ اب تک کتنے ٹریکٹر بانٹے؟ پنجاب نے اپنے کسانوں سے گندم تک نہیں خریدی۔

مزمل اسلم نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختوخوا حکومت تاریخ کے بلند ترین خزانے پر بیٹھی ہے، ہماری صوبائی حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے 20 ارب روپے کی نقد گندم خریدی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 6 ماہ میں صحت کارڈ کی مد میں 15 ارب روپے خرچ کیے، 4 لاکھ مریضوں کا علاج ہوا۔

قومی خبریں سے مزید