• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے ایس ایم یو میں یورو گائناکالوجی میں خصوصی ڈپلومہ کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) پاکستان کی پہلی سرکاری یونیورسٹی بننے جا رہی ہے جہاں یوروگائناکالوجی میں خصوصی ڈپلومہ کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے، یہ اعلان وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کیا۔ اس اقدام کا اعلان جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے تعاون سے جے ایس ایم یو میں منعقدہ ایکبین الاقوامی یوروگائناکالوجی سمپوزیم کے دوران کیا گیا۔ جے پی ایم سی کے شعبہ گائناکالوجی اور امراض نسواں وارڈ 08 کی سربراہ اور اس تقریب کی منتظم پروفیسر حلیمہ یاسمین نے خواتین کی صحت اور معیار زندگی پر یوروگائناکالوجیکل مسائل کے اہم اثرات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، "پیلوک فلور ڈس آرڈرز، پیشاب کی بے قاعدگی اور دیگر یوروگائناکالوجیکل مسائل اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سی خواتین بلاوجہ تکلیف میں مبتلا رہتی ہیں۔" اس سمپوزیم کا مقصد ان اہم صحت کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے مؤثر علاج کیلئے ڈپلومہ کورسز، بشمول گائناکالوجیکل آنکولوجی اور فیٹو میٹرنل میڈیسن، کے آغاز پر گفتگو کرنا تھا۔ پروفیسر یاسمین کے بیانات کی توثیق کرتے ہوئے، پروفیسر میمن نے اعلان کیا کہ یوروگائناکالوجی میں ڈپلومہ کورس جنوری 2025میں شروع ہوگا اور ایک سال جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے لیے فیکلٹی کو پہلے ہی آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے تحت تربیت دی جا چکی ہے، جو جے ایس ایم یو، جے پی ایم سی، اور اے کے یو کے درمیان تعاون کا حصہ ہے۔ رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے جے ایس ایم یو کی کنٹنیوڈ میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کی عزم کی تصدیق کی۔
ملک بھر سے سے مزید