لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومت توانائی کے شعبے کی ترقی پرخلوص نیت سے کام کررہی ہے، پاکستان کو ماضی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا تھا، ہماری حکومت نے سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے شروع کئے اور ہمارا ٹارگٹ گرین انرجی کا حصول ہے،ہم چاہتے ہیں سب کو سستی اور ماحول دوست توانائی حاصل ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) میں ایشیا انرجی ٹرانزیشن سمٹ2024کے دوسرے روز بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے،موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ نقصان ہوا ،دو سال پہلے ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے باعث بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پاکستان کو 30ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا دنیا کی آبادی کا نصف حصہ ہے ، توانائی استعمال کرنے اوردنیا کی معیشت میں ایشیائی معیشت کا بھی بڑا حصہ ہے۔وفاقی وزیر نے توانائی کے حوالے سے پانچ اہم نکات پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایشیاء ٹیکنالوجی کا لیڈر ہے۔