• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی لبنان میں زمینی جارحیت بھی شروع، فضائی حملوں میں 105 افراد شہید

بیروت / کراچی ( نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) اسرائیل نے لبنان میں زمینی جارحیت بھی شروع کردی ہے اور امریکا کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے زمینی کارروائی سے آگاہ کردیا ہے جبکہ حزب اللہ نے کہا ہے کہ صیہونی فورسز سے زمین پر لڑنے کیلئے تیار ہیں ۔

ادھر اسرائیل نے لبنان میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 105؍ افراد شہید اور 359؍ سے زائد زخمی ہوگئے ، وادی بقاع اور عین الدلب میں وحشیانہ بمباری کی گئی ، لبنانی وزیراعظم نے جنگ بندی پر زور دیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے خلاف لبنان میں زمینی حملے شروع کردیئے اور پیر کے روز شمالی سرحد کے ساتھ علاقوں کو سیل کرتے ہوئے انہیں فوجی چھاؤنی قرار دیدیا۔

 دوسری طرف واشنگٹن ڈی سی میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ لبنان میں اسرائیل کی محدود زمینی کارروائی کے منصوبے سے آگاہ اور مطمئن ہیں؟ اس پر بائیڈن نے جواب دیا کہ ’میں آپ کی سوچ سے زیادہ آگاہ ہوں اور میں ان کے رُکنے پر مطمئن ہوں گا۔ ہمیں فوراً جنگ بندی چاہیے۔‘

 امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکہ دہشتگردی کے خلاف اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے مگر مشرق وسطیٰ کے بحران کا ’سفارتی حل‘ چاہتا ہے۔ 

ادھر اسرائیل کی لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی سفاکیت جاری ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں شہید ہونیوالوں کی تعداد 105 ہوگئی۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان کی وادی بقاع اور عین الدلب سمیت دیگر علاقوں میں اسرائیلی بمباری سے 359 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید