• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کار ساز حادثہ، ملزمہ کی منشیات کیس میں ضمانت منظور‘ رہائی کا حکم نامہ جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ نے کارساز حادثہ کیس میں ملزمہ کے جیل سے رہائی کا حکم نامہ جاری کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ملزمہ کے ضامن نے دس لاکھ کے مچلکے جمع کروائے ہیں۔ آج صبح ہائی کورٹ کی جانب سے ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور کی گئی تھی۔ ملزمہ کو 3 اکتوبر کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ نے امتناعی منشیات کیس میں ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس کے کے آغا پر مشتمل بینچ کے روبرو ملزمہ کی جانب سے درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ایک ایف آئی آر میں درخواست ضمانت منظور کی جاچکی ہے جبکہ بنیادی طور پر مقدے فریقین کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔ سرکاری وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ جب خاتون گاڑی چلا رہی تھی وہ اسوقت نشے کی حالت میں تھی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں بھی ابہام ہے کیونکہ بلڈ میں میتھا فیٹا مائن موجود نہیں لیکن یورین میں موجود تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یورین میں میتھا فیٹا مائن کی کتنی مقدار موجود تھی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ اسکی مقدار کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ میں مینشن نہیں کیا گیا ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ خاتون کا سائیکیٹرسٹ سے برسوں سے علاج بھی جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید