• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اللّٰہ کا ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ، اسرائیلی فوج پسپا ہوگئی

اسرائیلی فوج کے زمینی دستے نے جنوبی لبنان میں پیش قدمی کی کوشش کی، حزب اللّٰہ کے ٹینک شکن میزائلوں سے حملے کے باعث صہیونی فوج پسپا ہوگئی۔

پسپا ہوتے ہوئے بدحواسی میں بکتربند بھی چھوڑ گئی، حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل پر بھی 20 راکٹ حملے کیے، جبکہ حوثیوں نے تل ابیب میں فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے، شیلٹرز کی طرف بھاگنے والے متعدد اسرائیلی زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں میونسپلٹی عمارت پر حملہ کیا جبکہ حزب اللّٰہ کے 15 جنگجو مارنے کا دعویٰ بھی کیا۔ بیروت میں بھی میزائل حملہ میں 9 شہری جاں بحق ہوگئے، اس طرح 24 گھنٹوں کے دوران دو لبنانی فوجیوں سمیت 45 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس حکومت کے سربراہ روحی مشتاحہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم حماس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ غزہ میں جاری بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔

لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور صہیونی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 45 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے۔ 

بیروت سے لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جاری حملوں میں اب تک 1974 افراد شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی حملوں سے جاں بحق افراد میں 127 بچے شامل ہیں۔ 

لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں سے لبنان میں 9 ہزار 384 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

ادھر دوسری جانب لبنانی فوج کے مطابق اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والا دوسرا لبنانی فوجی بھی دم توڑ گیا۔

دریں اثنا اسرائیل لبنان کشیدہ صورتحال کے تناظر میں روس نے لبنان سے اپنے 60 شہریوں کو نکال لیا۔ روسی حکام کے مطابق لبنان سے انخلا کرائے گئے افراد میں روسی سفارتی عملے کے اہلخانہ بھی شامل ہیں۔ لبنان سے شہریوں کا انخلا صدر پیوٹن کی ہدایت پر کرایا گیا ہے۔ 

علاوہ ازیں عرب میڈیا نے بتایا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شہرالخلیل میں اسرائیلی فوجی کی فائرنگ سے فلسطینی شہید ہوگیا۔ 

بیروت سے عرب میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقجی جمعہ کے روز لبنان کا دورہ کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید