ہمارے یہاں عموماً گھر کی تعمیر کے دوران سیڑھیوں کو دلکش ڈیزائن سے تیار کرنے پر توجہ نہیں دی جاتی۔ سیڑھیوں کو محض اس کے بنیادی استعمال یعنی ایک منزل سے دوسری منزل پر جانے کے خیال سے بنوایا جاتا ہے۔ تاہم، اگر سیڑھیوں کے لیے وضع قطع کا انتخاب بہترین طریقے سے کیا جائے تو یہ گھر کی شان بڑھانے کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ لہٰذا گھر کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران سیڑھیوں کے لیے جاذب نظر ڈیزائن بنوانے اور ان کی سجاوٹ پر توجہ دیں۔
ہر چیز کی طرح سیڑھیوں کو بھی دلکش انداز دینے کے لیے نت نئے ٹرینڈز سامنے آرہے ہیں اور ان کو بنانے کے لیے کنکریٹ، لکڑی، اسٹیل اور شیشے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مٹیریل چاہے کوئی سا بھی استعمال کریں، اس کے عیوب و محاسن کے ساتھ اس بات کا بھی یقین کرلیں کہ ان سے بنی سیڑھیاں آپ کے گھر کو چار چاند لگا دیں گی۔
تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کی خوبصورتی میں سیڑھیوں کا افسانوی، تخلیقی اور جدید ڈیزائن مکینوںکے اعلیٰ ذوق اور طرزِزندگی کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی لیے آج کے مضمون میں ہم اس حوالے سے چند تجاویز پیش کررہے ہیں۔
ماڈرن ڈیزائن
اگر آپ خوبصورت ڈیزائن والی سیڑھیاں تعمیر کروانا چاہتے ہیں تو ماڈرن ڈیزائن کی اسپائرل سیڑھیاں بنوائیں۔ یہ بالخصوص چھوٹے گھروں کے لیے مثالی ہیں کیونکہ یہ کم جگہ گھیرتی ہیں۔ سیڑھیوں کا یہ ڈیزائن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور کسی بھی مٹیریل سے بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ لکڑی اور کنکریٹ کے امتزاج سے بھی سیڑھیاں تعمیر کروائی جاسکتی ہیں مگر اس میں دونوں کے رنگ الگ ہوتے ہیں۔
ماڈرن گھروں میں لکڑی کے زینے والی سیڑھیاں بنوائی جاتی ہیں کیونکہ اس سے دلکشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایسی سیڑھیوں کے لیے اگر رنگوں کا کنڑاسٹ منتخب کیا جائے تو یہ نہایت خوبصورت معلوم ہوتی ہیں جیسے کہ کنکریٹ یا ماربل سے بنی سیڑھیاں اگر سفید رنگ کی ہیں تو اس پر بھوری یا سیاہ لکڑی کے زینے اور ریلنگ نہایت جچیں گے۔
اسپائرل ڈیزائن
اس ڈیزائن کو ہیلیکل اسٹیئرز(Helical Stairs)یا گھومتا ہوا ڈیزائن بھی کہا جاتا ہے ۔ اگر آپ کا گھر بڑا ہے تو سیڑھیوں کے لیے اسپائرل ڈیزائن ایک عمدہ انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اس ڈیزائن میں دیوار کی سپورٹ نہیں ہوتی مگر گھومتا ہوا زینہ گھر کی دلکشی میں اضافہ ضرور کرتا ہے۔
یہ ڈیزائن کبھی آؤٹ آف فیشن نہیں ہوتااور اسے بنانے کے لیے مختلف مٹیریل استعمال کیے جاتے ہیں۔ خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کنکریٹ اور لکڑی کے امتزاج سے سیڑھیاں تعمیر کرواسکتے ہیں یا پھر انہیں شیشے اور لکڑی کی مدد سے بھی بنوایا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں شیشے سے بنےزینے اور ریلنگ کا رنگ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ رنگوں اور جدید مواد کے امتزاج سے ایسی سیڑھیاں کسی بھی جگہ بنائی جاسکتی ہیں۔
زگ زیگ ڈیزائن
سیڑھیوں کی تعمیر کے لیے زگ زیگ ڈیزائن بھی کافی مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ اس میں کئی طرح سے زگ زیگ ڈیزائننگ کی جاتی ہے جیسے کہ سیدھا زگ زیگ، زگ زیگ کیس، مڑا ہوا زگ زیگ، گلاس زگ زیگ یا زگ زیگ رائل۔ اس کے لیے اپنی مرضی کے سنگِ مرمر اور لکڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ پیچ و خم لیے نقش و نگاریا کاشی کاری والی لکڑی اور سنگِ مر مر کے بنے زینوں پر چلتے ہوئے آپ کو لطف آئے گا۔
اس طرح کے ڈیزائن کا چناؤ عام طور پر لکڑی سے بنائی جانے والی سیڑھیوں کے لیے کیا جاتا ہے۔ انہیں عموماً لیونگ روم، راہداری کے پاس والی جگہوں یا بیسمنٹ میں لگایا جاتا ہے۔ زگ زیگ سیڑھیوں سے ان حصوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ چونکہ ان میں سائیڈ ریلنگ نہیں ہوتی، لہٰذا بچوں کے حوالے سے خاص احتیاط کرنی پڑتی ہے۔
دہرا ڈیزائن
کشادہ گھروں میں دہری سیڑھیاں افسانوی انداز فراہم کرتی ہیں اور وہ کسی محل کی مانند محسوس ہوتا ہے۔ اس ڈیزائن کے تحت عام طور پر دائیں اور بائیں جانب تھوڑی خم دار یا پھر سیدھی سیڑھیاں تعمیر کی جاتی ہیں۔ انہیں تعمیر کرنے کے لیے کنکریٹ کا استعمال کیا جاتا ہےمگر یہ دیکھنے میں بہت خوبصورت اور منفرد معلوم ہوتی ہیں۔
اوپن رائزر
یہ اسٹائل اپنی بے پناہ دلکشی کی وجہ سے مقبول ہورہاہے۔ کھلے اور کشادہ زینوں کے ساتھ لگی ہینڈریلز سے یہ مزید خوبصورت لگتا ہے۔ اس طرح کی سیڑھیوں کی چوڑائی آپ اپنی مرضی کے مطابق رکھ سکتے ہیں یعنی دستیاب جگہ کے حساب سے سیڑھیوں کو پتلا یا چوڑا رکھا جاسکتاہے، جس کی وجہ سے یہ کسی چھوٹے کمرے میں بھی لگائی جاسکتی ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائننگ میں اوپن رائزر اسٹیئرز (Open Riser Stairs)کو شامل کرنے پر خصوصی دھیان دیا جاتا ہے۔
شیشے کی سیڑھیاں
مکمل طور پر شیشے کی سیڑھیاں بھی بنائی جاسکتی ہیں۔ منفرد طرز کی یہ سیڑھیاں دیگر تعمیراتی مواد کے مقابلے میں قدرے مہنگی پڑتی ہیں۔ مزید مضبوطی کے لیے آپ اس میں ا سٹیل کی ریلنگ بھی لگواسکتے ہیں۔
یہ نہ صرف سیڑھیاں استعمال کرنے میں سہارا فراہم کرے گی بلکہ اسے آپ اپنی پسند کے مطابق رنگ بھی کرواسکتے ہیں۔ سیڑھیوں کے ڈیزائن کے ساتھ ریلنگ کاانتخاب بھی سوچ بوجھ سے کرنا چاہیے۔
کارپٹ کا استعمال
گھر میں پہلے سے موجود کنکریٹ یا ماربل کی سیڑھیوں پر نفیس قالین بچھایا جاسکتا ہے۔ اس میں اوپر سے نیچے کارپٹ رنرز پھیلائے جاتے ہیں اور جن گھر وں میں بچے ہوں، وہاں کے لیے یہ بہترین انتخاب ہےکیونکہ پھسلنے کا خدشہ نہیں ہوتا۔