اسرائیل کی جانب سے غزہ کی مسجد اور اسکول پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 24 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق وسطی غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 93 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد اور اسکول کو حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ سے انخلا کے نئے احکامات دے دیے۔
غزہ میں کل سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 50 سے زائد ہو گئی۔
دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک اور بڑا حملہ کیا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسرائیل کی بمباری سے کتنے افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں تاہم حملے سے کئی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے حزب اللّٰہ کے اسلحہ ذخائر کو بھی نشانہ بنایا ہے اور لبنان کے ٹی وی المنار کا دفتر بھی تباہ کردیا ہے۔