• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تل ابیب میں میزائل گرنے کے بعد اسرائیلیوں کی بھاگنے کی ویڈیو سامنے آگئی


تل ابیب میں ایک یمنی میزائل گرنے کے بعد تجارتی مراکز سے اسرائیلیوں کے بڑے پیمانے پر بھاگنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

یمن سے بیلسٹک میزائل اسرائیل کی جانب داغا گیا تھا، اس دوران مختلف علاقوں میں سائرن بجنا شروع ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یمن کی حوثی ملیشیاء نے اسرائیل کے مرکزی فوجی اہداف پر دو میزائل فائر کرنے کا دعویٰ کیا، لیکن اسرائیل نے صرف ایک میزائل کا ذکر کیا۔

حوثیوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی طرف 220 سے زائد بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس واقعے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کے نتیجے میں لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بازاروں اور دکانوں سے نکل کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔

دوسری جانب لبنان پر اسرائیلی حملوں میں اضافہ ہوگیا اسرائیلی فوج نے بیروت پر 100 جنگی طیاروں سے حملے کیے، حزب اللّٰہ نے 120 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

 لبنان، غزہ اور یمن سے مزاحمتی گروپوں نے اسرائیل پر جوابی حملے، تل ابیب، حیفا میں سائرن بجنے پر لوگ شیلٹرز کی طرف دوڑ پڑے، اسرائیلی دفاعی نظام نے یمن سے حوثیوں کا تل ابیب پر فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل مار گرایا۔

لبنان سے حزب اللّٰہ کے شمالی اسرائیل اور حیفا شہر پر راکٹ حملے کیے گئے، جس میں  10 اسرائیلی زخمی ہوگئے، اسرائیلی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

غزہ سے بھی حماس کی جانب سے وسطی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے، جس میں 2 اسرائیلی خواتین زخمی ہوگئیں۔

اسرائیلی فوج کی غزہ میں بھی بمباری جاری ہے، جس میں 12 مزید فلسطینی شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید