اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت پر گزشتہ روز ہونے والے فضائی حملے میں حزب اللّٰہ لوجسٹکس ہیڈکوارٹرز کے سربراہ سہیل حسین حسینی مارے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کمانڈر سہیل حسین حسینی حزب اللّٰہ جہاد کونسل کے رکن بھی تھے۔
لبنان پر اسرائیلی بم باری کے بعد حزب اللّٰہ نے تل ابیب میں اسرائیلی انٹیلی جنس یونٹ اور شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں فوجیوں پر میزائل اور راکٹ حملے کیے تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق صرف پیر کو حزب اللّٰہ نے 190 راکٹ داغے، جن کا نشانہ تل ابیب میں موساد ہیڈکوارٹرز کے ساتھ واقع انٹیلی جنس یونٹ تھا۔
اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 5 میں سے کچھ راکٹ مار گرائے گئے جبکہ باقی خالی علاقے میں گرے ہیں۔
گزشتہ روز 7 کتوبر کو غزہ اور یمن سے بھی اسرائیل پر حملے کیے گئے۔
اسرائیل نے یمن سے حوثیوں کی جانب سے تل ابیب پر فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بن گورین ایئر پورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔