اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار)موسم بدلتے ہی جنگلی جانوروں نے اسلام آباد کا رخ کر لیا ،بندروں کے ججز کالونی کی گلیوں میں ڈیرے،بندر پولیس چوکی میں اہلکاروں کے کھانے پینے کا سامان بھی لے اڑتے ہیں ،موسم تبدیل ہونے کے آثار ہوتے ہیں جنگلی جانوروں نے وفاقی دارلحکومت کےنسبتاً خالی علاقوں کا رخ کرلیا ہے مارگلہ روڈ شاہراہ آئین ہی نہیں کئی دوسری کشادہ سڑکیں جہاں آبای کم ہے ان جانوروں نے آزادانہ گھومنا پھرنا شروع کردیا ہے ۔
دلچسپ تبدیلی بندروں کے رویئے میں دیکھنے کو ملی ہے جو غول در غول پنجاب ہاؤس اور سندھ ہاؤس کے سنگم پر ججز کالونی کی جگہوں میں بکثرت پھدکتے دکھائی دیتے ہیں ۔
اسلام آباد پولیس نے ججز کالونی کےسامنے گزرنے والی سڑک کو دونوں طرف سے بند کردیا ہے جس سے سندھ ہاؤس اور پنجاب ہاؤس میں جانے والوں کو دشواری کا سامنا ہوتا ہے وہاں ججز کالونی سے ملنے والی تکون کے رقبے میں بندروں کو تفریح کا کھلا موقع میسر آگیا ہے۔
یہ بندر ججز کالونی کے متصل قائم پولیس چوکیوں میں بھی بے خوف ہوکر مداخلت کرتے ہیں۔ اور موقع ملے توان اہلکاروں نے جو خوردو نوش کا سامان رکھا ہو تو اسے بھی لے اڑتے ہیں یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ وہ بندر بھی بڑی مقدار میں آگئے ہیں جن کے جسم بالوں سے اٹے ہیں اور وہ خاندانوں کی شکل میں ادھر اُدھر گھوم رہے ہیں ۔
معلوم ہوتا ہے کہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے بھی جنگلی جانوروں کی نقل و حرکت کے علاقے تبدیل ہوگئے ہیں۔