کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے بندرگاہوں پر کنسائنمنٹس کے بڑے بیک لاگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر زور دیا ہے کہ کنسائنمنٹ کلیئرنس کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ تاخیر کی وجہ سے تاجر برادری کو ڈیمرریج اور ڈیٹینشن کے ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔ جاوید بلوانی نے تجویز دی کہ مینوفیکچررز/ ایکسپورٹرز، جنرل انڈسٹریز اور کمرشل امپورٹرز کے لیے الگ الگ پروسیسنگ کی قطاریں قائم کی جائیں۔ ان قطاروں کو بیک وقت چلانے سے کلیئرنس کے عمل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جس سے ہر کیٹگری کے لیے بروقت پروسیسنگ کو یقینی بنایا جا سکے گا نیز کاروباری آپریشنز میں رکاوٹیں کم ہوں گی اور امتیازی سلوک کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بندرگاہوں پر حالیہ صورتحال کے پیش نظر کنسائمنٹس کے بیک لاگ کو کلیئر کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔