کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 23فروری کوہوگا اگلے دن بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ کھیلا جائے گا۔ممکنہ طور پر دبئی بھارت کے نیوٹرل میچوں کا میزبان ہوگا۔بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں دونوں میچ دبئی میں ہوں گے فائنل 9مارچ کو کھیلا جائے گا، بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں میچ پاکستان میں ہوگا۔آئی سی سی کی جانب سے ابھی تک ٹورنامنٹ کے باضابطہ شیدول کا اعلان نہیں ہوسکا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ بھی نیوٹرل وینیو پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں ہے ۔تاہم ذمے دار ذرائع سے ملنے والے شیڈول کے مطابق میزبان پاکستانی کرکٹ ٹیم اعزاز کے دفاع کے لئے اپنی مہم کا آغاز 19فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ 27فروری کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے لئے ایک ہفتے کو سپورٹ پریڈ رکھا گیا ہے۔12سے18فروری تک ٹیمیں سپورٹ پریڈ میں پریکٹس کرسکیں گی۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو نیوٹرل وینیو جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 2 روز قبل آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی فیوژن ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔