اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد ) رواں سال پاکستان کی بنگلہ دیش سے 58.59ملین ڈالر مالیتی اشیاء کی درآمد،پاکستان نے تیس جون 2024کو ختم ہونے والے سال میں بنگلہ دیش سے 58.59 ملین امریکی ڈالر کی اشیاء درآمد کیں۔ پاکستان بنگلہ دیش وزرائے اعظم کی قاہرہ کی کامیاب ملاقات کے نتیجے میں دوطرفہ باہمی تجارت میں زبردست اضافے کا امکان ہے۔ہنگاموں کے بعد پانچ اگست 2024 کو بھارت فرار ہونے والی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے بعد وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے پرو فیسر محمد یونس نے دوسرے ملکوں کے ساتھ تجارت بنگلا دیش کے عوام کے وسیع تر مفاد میں بڑھانے کا اصول اپنا یا ہے۔ اقوام متحدہ کے کامرس ٹریڈ ڈیٹا بیس کے بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق بنگلہ دیش سے پاکستانی درامدات کی تفصیلات سامنے آئیں۔ سب سے زیادہ درآمدات میں 42.71 ملین ڈالر کے سبزیوں کے ٹیکسٹائل فائبرز، کاغذ کے دھاگے اور بُنے ہوئے کپڑے شامل تھے۔