• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’گجنی‘ میں کام کرنے سے شان شاہد نے کیوں انکار کیا؟


پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ نامور و سینئر اداکار و ہدایت کار شان شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں بالی ووڈ سے مشہور فلموں کی پیشکش ہو چکی ہے۔

اس کے ساتھ ہی اداکار نے بھاری معاوضے کے باوجود بھارتی فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ سے بھی پردہ اُٹھا دیا۔

حال ہی میں اداکار نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کی ہے۔

دورانِ انٹرویو اداکار سے سوال کیا گیا کہ فلم گجنی کے لیے بھارتی 8 کروڑ روپے اُس وقت آفر ہوئے تھے اس کے علاوہ فلم سات خون معاف اور دہلی 6 کی بھی پیشکش ہوئی تھی تو بھارت میں کام نہ کرنے کی کیا وجہ تھی؟

شان شاہد نے بتایا کہ میں بھارت جانے سے کسی کو نہیں روکتا، جس کو جانا ہے جائے۔

انہوں نے بھارت میں کام نہ کرنے کی وجہ کشمیر سے متعلق اپنے والد کے نظریے کو قرار دیا۔

اداکار نے بتایا کہ میرے نہ جانے کی اصل وجہ یہ تھی کہ کشمیر کو لے کر میرے والد کا ایک سخت نظریہ ہے اور مجھے بحیثیت ریاض شاہد کے بیٹے، اگر کسی چیز سے مسئلہ ہے تو وہ لوگوں کی حقِ تلفی ہے، کشمیر میں عوام پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں تو میں ایسا کر کے ان سے انصاف نہیں کر رہا، آج نہیں تو کل والد کو منہ تو دکھانا ہے، تو انہیں کیا منہ دکھاؤں گا؟

شان شاہد نے کہا کہ فلم گجنی میں بھارت میری اداکاری نہیں بلکہ میری قومیت کو منفی انداز میں پیش کرنا چاہ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عامر خان کی فلم ’گجنی‘ میں منفی کردار آفر ہوا تھا، بھارت اتنا بڑا ہے، سوا 2 ارب کی آبادی ہے، وہ وہاں ایک گجنی ڈھونڈ سکتے تھے، آخر مسئلہ کیا تھا؟ انہیں پاکستانی گجنی ہی کیوں چاہیے تھا؟

انہوں نے فلم گجنی سے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے مزید کہا کہ اگر پروڈیوسر میری اداکاری کی بجائے میری قومیت کو سائن کرنا چاہ رہا ہے تو مجھے اس بات کا خیال رکھنا تھا کہ میں ان 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں جو مجھے پیار کرتے ہیں، ان کے دلوں پر میں راج کرتا ہوں۔

دورانِ گفتگو ایک سوال کے جواب میں شان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مجھے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ہمسفر کی آفر ہوئی تھی لیکن مصروفیت کے سبب میں نے وہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے ماہرہ خان کے ہیرو یعنی فواد خان کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی جو میں نے قبول نہیں کی۔

سینئر اداکار نے یہ بھی کہا ہے کہ مجھے چھوٹی اسکرین پر ابھی تک کوئی اسکرپٹ زیادہ اچھا نہیں لگا، کوئی ڈرامہ آیا تو میں ضرور اس میں کام کروں گا لیکن ابھی تک کوئی متاثر کن کہانی سامنے نہیں آئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید