اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نصیرات کیمپ میں بے گھر افراد کے خیمے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے، اس دوران ایک بچہ والد کے جنازے پر فرط جذبات سے بےقابو ہوگیا، ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ میں لوگ جنازے لے کر جارہے ہیں کہ اس دوران ایک بچہ اپنے والد کی میت کو دیکھ کر جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتا اور بے اختیار رو دیتا ہے۔
اس دوران بچہ مسلسل یہ کہتا نظر آرہا ہے کہ"مجھے ان کے ساتھ سونا ہے۔" جبکہ وہاں موجود لوگ اسے تسلیاں دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس دردناک منظر کو دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہے اور لوگوں کی جانب سے بھی افسوس کے ساتھ دعائیہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے، نئی بمباری میں اسرائیل نے 24 گھنٹوں کے دوران 45 سے زائد افراد کو شہید اور 130 شہریوں کو زخمی کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر شمالی غزہ پر حملہ کیا ہے، جس سے کم از کم 400,000 فلسطینی پھنسے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,010 افراد شہید اور 97,720 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے زیر قیادت حملوں میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔