شکارپور کے قریب کچے کے علاقے میں فائرنگ سے ایس ایچ او سہراب اوڈھو شہید ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سہراب اوڈھو ملزمان کی گرفتاری کیلئے کچے میں گئے تھے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایچ او سہراب اوڈھو کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگست کے مہینے میں رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ڈاکوؤں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغے تھے، حملے میں 6 اہل کار زخمی ہوئے تھے، جبکہ 5 اہل کار لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا تھا۔
سندھ اور پنجاب کے کچے کے سرحدی علاقوں میں سندھ اور پنجاب پولیس نہ تو اب تک ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کر سکی ہے اور نہ ہی نو گو ایریا کو ختم کروایا جا سکا ہے بلکہ الٹا ڈاکوؤں نے پولیس کو سیدھا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔