جمرود(نمائندہ جنگ)جمرود،ریگی للمہ میں کالعدم پشتون تحفظ مومنٹ کی طرف سے بلائے گئے "پختون قومی عدالت" کے منتظمین و شرکاء کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، تین افراد جاں بحق پندرہ زخمی ۔عوامی عدالت منتظمین و شرکاء نے پولیس کی ایک گاڑی کو آگ لگائی ،پولیس مورچوں کو بھی مسمار کردیا، ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے ریگی للمہ میں بدھ کے روز کالعدم پشتون تحفظ مومنٹ کے زیر اہتمام پختون قومی عدالت منتظمین و شرکاء کے خلاف پشاور اور خیبر پولیس نے مشترکہ کریک ڈاؤن کیا جس میں پختون قومی عدالت پر شدید آنسو گیس شیلنگ و ہوائی فائرنگ کی گئی جس میں تین افراد سکندر ،خلیل اور رمضان شدید زخمی ہوگئے لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں چل بسے جبکہ اس فائرنگ سے مزید پندرہ افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔کالعدم پشتون تحفظ مومنٹ عوامی عدالت منتظمین کے مطابق پولیس نے گزشتہ رات سے عوامی عدالت کیمپ پر قبضہ کرلیا تھا اور سارے سامان کو قبضے میں لے کر ساتھ لے گئے تھے جبکہ صبح کے وقت منتظمین اور پولیس آمنے سامنے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کی۔