• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد 7 مرتبہ پیوٹن سے رابطہ کر چُکے، نئی کتاب میں انکشاف

فوٹو بشکریہ رائٹرز
فوٹو بشکریہ رائٹرز

واٹر گیٹ اسکینڈل کو منظرِ عام پر لانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سینئر امریکی صحافی باب وڈورڈ نے نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

باب وڈورڈ کی نئی کتاب ’وار‘ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوری 2021ء میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو کم از کم 7 فون کالز کی ہیں۔

امریکی صحافی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان 7 فون کالز میں سے ایک فون کال رواں سال کے آغاز میں کی گئی تھی۔

باب وڈورڈ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان رابطے کے بارے میں اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ولادیمیر پیوٹن سے رابطہ کرنے کے لیے اپنے ایک معاون سے مدد لی۔

اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ باب وڈورڈ کی کتاب میں کیے گئے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں، یہ سب محض افسانوی کہانیاں ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز روس نے بھی امریکی صحافی کی جانب سے کیے گئے ان دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔

روس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے ان دعوؤں کی تردید کرنے کے باوجود بھی ان دعوؤں نے ایک بڑا دھچکا دیا ہے کیونکہ باب وڈورڈ وہ امریکی صحافی ہیں جنہوں نے واٹر گیٹ اسکینڈل کا پردہ فاش کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد امریکا میں صدر رچرڈ نِکسن کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

باب وڈورڈ کی شہرت کا آغاز واٹر گیٹ اسکینڈل سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد ہی ہوا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید