امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک ایران قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرتا، اسرائیل ایران کے اہم ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر مزید حملے نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال پر غصے کے باعث ایران کے گیس فیلڈ پر حملہ کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکا کو اسرائیل کی اس کارروائی کی پیشگی اطلاع نہیں تھی اور قطر اس حملے میں کسی بھی طرح شامل نہیں تھا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران نے حقائق جانے بغیر قطر کی گیس تنصیبات پر میزائل حملہ کیا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قطر کی ایل این جی تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا تو ایران کے خلاف امریکا سخت فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ قطر دنیا میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) فراہم کرنے والا ایک اہم ملک ہے اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے سے عالمی توانائی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔