• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اسے ہرگز فراموش نہیں کرسکتے: علی رضا سید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور ہم اس مسئلے کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے۔

خطے کی موجودہ صورتِ حال اور خصوصاً مشرق وسطیٰ کے سنگین جنگی ماحول کے تناظر میں اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیریوں کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کو ہرگز نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

اُنہوں نے کشمیری رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہمہ تن کوشاں رہیں، خاص طور پر یورپ اور مغربی ممالک میں مقیم کشمیری شخصیات کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔

کشمیر کونسل ای یو کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ ’ہمیں دیگر عالمی مسائل میں الجھنے کے بجائے اپنی تمام تر توانائی مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مرکوز کرنی چاہیے۔‘

علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری خود مظلوم ہیں، اسی لیے انہیں دنیا کے دیگر مظلوموں کا احساس ہے اور وہ ہر مظلوم کی حمایت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر اپنے مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر قسم کی آزادی سے محروم ہیں لیکن ان مظالم کے باوجود وہ اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

علی رضا سید نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں امن قائم ہو اور تمام مسائل کا حل پُرامن طریقے سے نکالا جائے، جنگیں و قتل و غارت مسائل کا حل نہیں، مسائل کو پُرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔‘

اُنہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرے کیونکہ کشمیر میں امن کا قیام پورے جنوب ایشیا کے خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید