• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ زید ، چلڈرن ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کامیاب چل رہا ہے، ڈاکٹر سمیع اللہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو افسر ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان صحت کارڈ کی وجہ سے اب علاج تمام لوگوں کے لئے ممکن ہوگیا ہے، صحت کارڈ سے ملک کے ان تمام اسپتالوں میں علاج کرایا جاسکے گا جہاں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کا اشتراک ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو شیخ زید اسپتال سریاب روڈ اور چلڈرن اسپتال کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بات چیت میں کہی ، دورے کے دوران انہوں نے چیف ایگزیکٹو افسر شیخ زید اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ذوالفقار ، اور سی ای او چلڈرن ہسپتال کوئٹہ پروفیسر ڈاکٹر حبیب اللہ بابر ملاقاتیں بھی کیں اور وہاں قائم ہیلتھ کارڈ کاونٹرز کا معائنہ سمیت مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ہیلتھ کارڈ کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو افسر ہیلتھ کارڈ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کامیاب طریقے سے چل رہا ہے چونکہ پروگرام نیا ہے اور ابتدا میں مریضوں کو مشکلات ہورہی ہیں جو جلد دور ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مریضوں پر کوئی مالی بوجھ ڈالے بغیر انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، حکومت اس بات پر نظر رکھے گی کہ کسی بھی شہری کو بلوچستان صحت کارڈ سے علاج کی سہولت سے انکار نہ کیا جائے، اس کے ساتھ حکومت انشورنس کمپنی اور اسپتالوں پر بھی نظر رکھے گی تاکہ شہریوں کو بلوچستان صحت کارڈ کے ذریعے بہترین سہولیات مل سکیں ۔
کوئٹہ سے مزید