بالی ووڈ کے بے تاج بادشا، کنگ خان کے لقب سے شہرت رکھنے والے شاہ رخ خان اپنی شاندار اداکاری کے باعث کروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔
جون میں امریکی جریدے فوربز پر IMDb سے لیے گئے ڈیٹا کی مدد سے بھارت میں رواں برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے۔
مذکورہ فہرست کے مطابق شاہ رخ خان بھارتی فلم نگری میں رواں برس سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے اداکار ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنے کامیاب کیریئر کے دوران کنگ خان بلا معاوضہ 7 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
ایک نظر ان فلموں پر ڈالتے ہیں جن میں شاہ رخ خان نے بغیر معاوضے کے کام کیا ہے۔
1: ہے رام (2000ء)
’انڈین 2‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر کمل ہاسن نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان نے بغیر معاوضے کے ’ہے رام‘ میں اداکاری کی۔
اس فلم میں کنگ خان نے امجد علی خان کا کردار ادا کیا جو کہ مرکزی کردار ساکیت رام کے بہترین دوست کا کردار ہے۔
کمل ہاسن نے فن کے لیے شاہ رخ خان کی محبت اور لگن کو اجاگر کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شاہ رخ خان فلم ’کریزی 4‘ کے گانے ’بریک فری‘ میں ڈانس کرتے بھی دکھائی دیے تھے، لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فلم کا بجٹ کم ہونے کی وجہ سے کنگ خان نے اس فلم میں فری میں ڈانس کیا تھا اور ان کی وجہ سے فلم کو تشہیر کے دوران کافی فائدہ ہوا تھا۔
فلم ’دولہا مل گیا‘ میں بھی شاہ رخ خان نے بغیر کسی معاوضے کے پون راج گاندھی کا کیمو کردار ادا کیا تھا۔
سشمیتا سین کے ہمراہ اس فلم میں شاہ رخ خان نے شاندار اداکاری کر کے فلم کو 4 چاند لگا دیے تھے۔
امیتابھ بچن کے کردار کے گرد گھومنے والی فلم ’بھوت ناتھ ریٹرنز‘ میں شاہ رخ خان نے بغیر معاوضے کے کام کیا تھا۔
کنگ خان ننھے اخروٹ کے والد آدتیہ شرما کے کردار میں دکھائی دیے۔
ان کی موجودگی نے فلم میں اسٹار پاور کا اضافہ کیا اور شائقین کی فلم میں دلچسپی کو بڑھایا۔
کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی شاہ رخ خان بغیر معاوضے کے طاہر تالیار خان کے روپ میں نظر آئے، تاہم کرن جوہر نے شاہ رخ خان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں مہنگے کپڑے بطور تحفہ دیے تھے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’برہماستر‘ باکس آفس پر ہٹ رہی، فلم نے 4 سو کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا لیکن اس فلم میں موہن بھارگو کے کردار سے کیمو پرفارم کرنے والے شاہ رخ خان نے ہدایت کار کرن جوہر سے کوئی معاوضہ نہیں لیا اور 2 ہفتوں کی شوٹنگ بالکل مفت کی۔
شاہ رخ خان نے فلم ’راکیٹری: دی نمبی ایفیکٹ‘ کے ہندی ورژن میں مہمان کا کردار ادا کیا تھا، انہوں نے فلم میں ایرو اسپیس سائنسداں نمبی نارائنن کا انٹرویو کیا تھا۔
بالی ووڈ اداکار آر مادھاون نے انکشاف کیا ہے کہ کنگ خان نے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا تھا۔