پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نےدعویٰ کیا ہے کہ ہمارے ارکان قومی اسمبلی حکومتی آفر ٹھکرا رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز ہمارے ساتھ ہیں، حکومت والے ہر جگہ دو نمبری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ایم این اے کو آفر کی جارہی ہے، ہمارے ارکان قومی اسمبلی ہر آفر کو ٹھکرا رہے ہیں، پارٹی کے منتخب ارکان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ حکومت آئینی ترمیم کرے تو اسے پتا لگ جائے گا، پرامید ہیں کہ مولانا فضل الرحمان بھی حق اور سچ کا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کےلیے انھوں نے کمیٹی بنائی، حکومت کے پاس مسودہ تھا ہی نہیں، ایک پارٹی کو دیوار سے لگادیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پرامن احتجاج ہم نے ہمیشہ کیا، یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، آئین اور قانونی کی بالادستی ہوگی تو سرمایہ کاری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک ہمیں رسائی ملے، ہم کسی کو دھمکا نہیں رہے، پرامن احتجاج کریں گے، محسن نقوی بڑھکیں مارتے ہیں، کے پی ہاؤس میں ریڈ کیا گیا، کے پی ہاؤس کے بعد میرے گھر پر چھاپا مارا گیا۔