خیبر پختون خوا پولیس ترمیمی ایکٹ 2024ء کی کاپی ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی۔
ذرائع کے مطابق پولیس ایکٹ ترمیمی بل 2024ء منظوری کے لیے جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ترمیمی بل کے ذریعے پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، بل کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالے کا ایک مؤثر طریقہ کار بھی متعارف ہو گا۔
متن کے مطابق کسی بھی پولیس افسر کے خلاف شکایت کو ریکارڈ کیا جائے گا، اگر شکایت ریکارڈ کے قابل نہ ہو تو شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جائے گا۔
ایف آئی آر درج نہ کرنا اور مدد کے لیے کال پر ردِعمل نہ دینا، غیر ضروری طاقت کا استعمال، بد تمیزی یا توہین آمیز زبان کا استعمال قابلِ شکایت عمل ہو گا۔
متن کے مطابق پولیس افسران نے اپنی قانونی یا اخلاقی ذمے داری پوری نہیں کی تو یہ قابلِ شکایت ہو گا، کسی شخص کی پولیس حراست میں موت یا شدید چوٹ پر انکوائری ہو گی۔
بل کے متن کے مطابق پولیس کی ناکامی کی وجہ سے کسی کی موت یا چوٹ پر انکوائری ہو گی، ٹریفک حادثے میں پولیس کے ملوث ہونے پر بھی آزاد انکوائری ہو گی۔