26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمانی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین کی تمام مسودوں پر مزید مشاورت کی تجویز کمیٹی نے مسترد کردی۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی علی ظفر اور اسد قیصر سے مشاورت کیلئے مزید وقت کی تجویز پر گرما گرمی بھی ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کی طرف سے تمام آئینی مسودوں پر مزید مشاورت کی تجویز دی گئی، جس پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایسا اب نہیں ہوسکتا، ہم نے پہلے ہی بہت تاخیر کردی ہے، اب ہم سب کو سنجیدگی دکھانا ہوگی، مزید تاخیر بلا جواز ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے مجوزہ مسودے آگئے ہیں، یہ ترمیم کسی فرد واحد یا کسی مخصوص جماعت کیلئے نہیں ہے، یہ ترمیم 24 کروڑ عوام کےلیے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے مجوزہ مسودوں پر مزید مشاورت کیلئے وقت دینے کی تجویز مسترد کر دی، تمام سیاسی جماعتوں کے مسودوں کا کمیٹی نے بغور جائزہ لینا شروع کر دیا۔