فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کی ایک میکانائزڈ انفنٹری کمپنی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حماس میڈیا کا کہنا ہے کہ القسام کے حملے میں ہلاک اور زخمی اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جایا گیا۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں ایک صہیونی بکتر بندگاڑی کو راکٹ فائر کر کے اڑا دیا گیا، بکتر بند گاڑی پر حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے بھی غزہ میں اپنے ایک فوجی کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمانڈو سارجنٹ کورین بیٹن جنوبی غزہ میں حماس سے جھڑپ میں ہلاک ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں بمباری کے دوران 8 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے جبالیا کیمپ میں پناہ گزین اسکول پر بھی بمباری کی۔
لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کی بمباری میں 21 افراد شہید اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 42,289 فلسطینی شہید اور 98,684 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں کم از کم 1,139 افراد مارے گئے تھے اور 200 سے زائد افراد کو قیدی بنا لیا گیا تھا۔