بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ نے شادی کے دن ساس نیتو کپور کی طرف سے کہے گئے الفاظ بتادیے۔
گزشتہ روز عالیہ بھٹ کی فلم جگرا ریلیز ہوئی، جس کی پروموشن میں وہ مصروف ہیں، کرینہ کپور کے ساتھ گفتگو میں عالیہ بھٹ نے اپنی ساس نیتو کپور کے ساتھ اپنے پیارے بھرے تعلق سے متعلق کھل کر بات کی۔
کرینہ کپور نے جب عالیہ بھٹ سے استفسار کیا کہ فیملی میں وہ کونسا کپور ہے، جو واقعی انہیں نظر آتا ہے، جس پر اداکارہ نے اپنی ساس نیتو کپور کا نام لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برس میں ہماری دوستی کافی بہتر ہوئی ہے، خاص طور پر پچھلے 6 ماہ سے وہ شو پر آنا چاہتی تھی، وہاں وہ بہت خوش تھیں، ایسا لگا کہ میں اسکول میں ہوں اور میری والدہ وہاں موجود ہے۔
انہوں نے یہ بتایا کہ جب میری شادی ہوئی تو میری ساس نے مجھے بہو ہونے کے بارے میں کیا کہا تھا۔
عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے جب ہماری شادی ہورہی تھی تو انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ تم میری بہو ہو اور میں تمہاری ساس ہوں اور میری اپنی ساس سے بہت ہی خوبصورت دوستی تھی۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ مجھ سے نیتو کپور نے اپنی ساس کے گزارے کئی واقعات شیئر کیے اور بہت ہی پیارے سے کہا کہ میں اپنی بہو کے ساتھ بھی یہی چاہتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساس کی مجھ سے یہ گفتگو واقعی بہت عمدہ، مثبت اور پرامید تھی۔
عالیہ بھٹ کی اپریل 2022ء میں اداکار رنبیر کپور سے دونوں فیملیز اور دوستوں کی موجودگی میں شادی ہوئی تھی، جس کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچادیا تھا اور وہ دونوں اسی برس نومبر میں بیٹی راہا کی آمد کے ساتھ والدین بن گئے تھے۔