جنگ اور جیو ٹی وی کے اشتراک سے کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان میں ورلڈ کلچر فیسٹیول اپنی تمام رنگینیوں اور رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے۔
38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 21 ویں روز تھیٹر پلے ’دی 39 اسٹیپس‘ پیش کیا جائے گا۔
اردو اور انگریز زبان میں پیش کیا جانے والا یہ تھیٹر پلے آج رات 8 بجے حاضرین کی توجہ کا مرکز بننے گا۔
مزاحیہ سنسنی خیز تھیٹر پلے ’دی 39 اسٹیپس‘ کی کہانی دلچسپ اور سسپنس سے بھرپور ہے۔
اس کی ہدایت کاری مظہر سلیمان نورانی اور سید منتظر نے کی ہے، جبکہ اسے پیٹرک بارلو نے تحریر کیا ہے۔
اس تھیٹر پلے کی کہانی مرزا بیگ نامی کردار کے گرد گھومتی ہے، اس عام آدمی کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے جب اس کے اپارٹمنٹ میں پراسرار خاتون ارم رفیق کو قتل کر کے الزام اس کے سر کر دیا جاتا ہے، پھر خفیہ تنظیم کی سازش کا شکار مرزا بیگ اپنے سر سے بڑی مشکل سے الزام کو صاف کرتا ہے۔
38 روزہ عالمی ثقافتی میلے میں دنیا کے نامور ڈانسر، تھیٹر، میوزک اور فائن آرٹ کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کراچی آئے ہیں۔
’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ آرٹس کونسل آف پاکستان میں 2 نومبر تک جاری رہے گا۔