خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ احتجاج سے متعلق فیصلے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کرتے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ریسکیو گاڑیاں قبضے میں لےکر زیادتی کی، اس بارے میں قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے، چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، ہمارا ایک ہی لیڈر ہے، جس پر سب کا اعتماد ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت اور قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں، وہ عوام کےحقوق کےلیے جیل میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔
ظاہر شاہ طورو نے یہ بھی کہا کہ مولانا صاحب تجربہ کار سیاستدان ہیں، سب کے ساتھ چلتے ہیں، وہ ہمارے ساتھ بھی چلیں گے۔