مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز کے اوسان خطا ہیں، وہ بدحواسی میں کچھ بھی بول دیتی ہیں۔
پشاور سے جاری بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نجی کالج کے معاملے پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر الزام تراشی بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آپ اور آپ کی جماعت کی طرح کبھی بیہودہ سیاست نہیں کی، اس طرز کی سیاست شریف خاندان کا پیشہ ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پر الزام لگاکر عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش نہ کریں بلکہ واقعے کی شفافت تحقیقات کروائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف دینے کی بجائے مریم نواز انتظامیہ احتجاج کرنے والے طلبا پر لاٹھیاں برسا رہی ہے، دہشت گرد پی ٹی آئی نہیں بلکہ مسلم لیگ ن ہے جو طلباء پر لاٹھیاں برسا رہی ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا کہ علی امین مریم نواز کے اعصاب پر سوار ہیں، ان کے اوسان خطا ہیں، بدحواسی میں کچھ بھی بول دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ نجی کالج میں ہوا ہے اور مریم نواز خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بولنا شروع ہوگئی ہیں۔