سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اس وقت کھلنڈروں کے ہاتھ آئی ہوئی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کر رہے ہیں، پی ٹی آئی بھی ان ہی کی حکمتِ عملی پر چل رہی ہے، پاکستان میں آئین کے تحفظ کی کوئی جنگ لڑ رہا ہے تو وہ مولانا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن نے گزشتہ رات جو مؤقف پیش کیا وہ وکلاء برادری کی امنگوں کے نزدیک ہے، ان کا مؤقف جمہوری قوتوں کے مؤقف کے نزدیک ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس وقت عدالتوں کے تحفظ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، ہم وکلاء اور ججز عدالتوں کا تحفظ نہ کر سکے تو نادر شاہی دور واپس آ جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں پر جو انصاف پہلے ہی موجود نہیں وہ بالکل ہی ختم ہو جائے گا، اس وقت پوری قوم کی نظریں مولانا فضل الرحمٰن پر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کو اپنے مؤقف پر لے کر آئے ہیں تو قابل تحسین ہے، تحریک انصاف اس وقت مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہی چل رہی ہے، مولانا فضل الرحمٰن گرینڈ اپوزیشن کا حصہ ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اے پی سی کمیٹی کا بائیکاٹ اور دوسری طرف حکومتی کمیٹی میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں، احتجاج میں لوگ تب شامل ہوں گے جب موجودہ لیڈر شپ آگے ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی، عمر ایوب، اسد قیصر، علی امین آگے بڑھیں اور سیاسی بوجھ اٹھائیں۔
سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ ایک دن احتجاج کی کال دیتی ہے اگلے دن کینسل کر دیتے ہیں، احتجاج کے لیے تمام اپوزیشن سے ملیں اور ان کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے۔