• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساجد، نعمان کے حملوں سے انگلش قلعے میں شگاف، پاکستان کو فتح نظر آنے لگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی کے حملوں نے مضبوط انگلش قلعہ میں تباہ کن بولنگ کی بدولت ملتان کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم جیت کی جانب گامزن ہے۔ ساجد خان میچ میں 8وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں سات اور نعمان نے تین وکٹ لیے۔گذشتہ ڈھائی سال سے پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر گیارہ ٹیسٹ کھیلے ہیں، سات ہارے، اور چار ٹیسٹ ڈرا ہوئے اب بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان کو پہلی جیت حاصل ہوجائے گی۔ جمعرات کو تیسرے دن اسپن پچ پر 16وکٹیں گر گئیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں برتری حاصل کی اور دوسری اننگز میں سلمان علی آغا کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی مدد سے 221رنز بناکر انگلینڈ کو 297رنز کاہدف دیا ۔ جمعرات کو کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 36 پر دو وکٹ گنواکر شدید مشکلات سے دوچار تھی ،اسے جیت کیلئے مزید261رنز اور پاکستان کو آٹھ وکٹوں کی ضرورت ہے ۔ پہلی اننگز کے سنچری میکر بین ڈکیٹ ساجد خان کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ زیک کرالی کی وکٹ نعمان علی کو ملی۔ اولی پوپ 21اور جوروٹ 12رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ پچ بدستور مشکل ہوتی جارہی ہے۔ ابتدائی 2 وکٹیں 11رنز پر گرگئی تھیں۔ اس سے قبل جمعرات کو انگلینڈ نے ادھوری اننگز شروع کی تو پاکستان کو ساتویں وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا ، ساجد خان نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور برائیڈن کارس کو اپنا پانچواں شکار بنالیا ۔ ان کا اگلا نشانہ چھ رنز پر میتھیو پوٹس بنے ۔ وکٹ کیپر جیمی اسمتھ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں صائم ایوب کو آسان کیچ تھما بیٹھے۔ جیک لیچ نے 25 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ شعیب بشیر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی پوری ٹیم 291 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان نے پہلی اننگز 75 میں رنز کی برتری حاصل کی۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا ۔ مسلسل ناکام عبداللہ شفیق صرف 4 جبکہ کپتان شان 11 رنز پر شعیب بشیر کی وکٹ بن گئے۔ صائم ایوب کھانے کے وقفے سے آخری گیند کو سمجھ نہ سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد دوسری سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ کامران غلام اور سعود شکیل نے 34 رنز جوڑے، 77 کے مجموعے پر جیک لیچ نے کامران کو 26 پر ایل بی ڈبلیو کردیا، ریویو بھی انہیں نہ بچاسکا ۔ محمد رضوان کا قیام 23 رنز تک رہا ۔ سعود شکیل 31 ، عامر جمال اور نعمان علی ایک ،ایک رن بناسکے ۔ سلمان علی آغا وکٹ پر آتے ہی خوش قسمت ثابت ہوئے اور برائیڈن کارس کے ایک ہی اوور میں ان کے دو کیچ ڈراپ ہوئے۔ انہوں نے ساجد خان کے ساتھ نویں وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ سلمان 63 اور ساجد 22 رنز پر آئوٹ ہوئے۔ شعیب بشیر چار ، جیک لیچ تین اور برائیڈن کارس نے دو وکٹیں لیں۔

اسپورٹس سے مزید