اسرائیلی پولیس نے 7 شہریوں کو ایران کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ایرانی انٹیلی جنس کیلئے فوجی اڈوں اور توانائی کے ڈھانچے کی معلومات جمع کرنے والے ایک جاسوس نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ 7 اسرائیلیوں کو ایران کیلئے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے تہران کیلئے سیکڑوں کام سرانجام دیے۔
ملزمان کا تعلق حیفہ اور شمالی اسرائیل کی یہودی آبادی سے ہے، جن میں ایک فوجی بھی شامل ہے، جو فوج سے فرار ہو گیا تھا۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کے اڈوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ آئرن ڈوم بیٹری کے مقامات کی تصویریں کھینچیں اور معلومات اکٹھی کیں۔
اسرائیلی پولیس اور شین بیت کے تفتیش کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمان ایرانی ایجنٹوں سے رابطے میں تھے، کچھ ملزمان نے دو سال سے ایران کیلئے جاسوسی کی جبکہ تمام ملزمان نے جنگ کے آغاز سے ہی جاسوسی کی سرگرمیاں انجام دی ہیں۔