اسرائیل نے بن گوریون ایئرپورٹ تمام پروازوں کیلئے بند کردیا ہے۔
اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ بن گورین ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کو روک دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سیکیورٹی حکام کی ہدایات پر پروازوں کی روانگی روکی گئی ہے، جبکہ لینڈنگ پر اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایئرفورس کی ہدایت پر بن گورین ہوائی اڈے سے روانگی کے لیے تیار پروازوں کو روکا گیا تھا، ممکنہ ڈرون حملے کےخدشات کے پیش نظر پروازوں کو سیکیورٹی وجوہات پر معطل کیا گیا۔
بعد ازاں حکام کی جانب سے کلیئرنس کے بعد بن گورین ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے 7 شہریوں کو ایران کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ایرانی انٹیلی جنس کیلئے فوجی اڈوں اور توانائی کے ڈھانچے کی معلومات جمع کرنے والے ایک جاسوس نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ 7 اسرائیلیوں کو ایران کیلئے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے تہران کیلئے سیکڑوں کام سرانجام دیے۔