صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنے تیسرے بیٹے کا نام بتا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ روز تیسرے بیٹے کی آمد کا اعلان کرنے والی بختاور بھٹو زرداری نے آج انسٹا پوسٹ شیئر کر کے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے ننھے بیٹے کا نام منتخب کر لیا ہے۔
پاکستان کی پہلی اور واحد خاتون وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحبزادی نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے چھوٹے شہزادے کا نام اپنے نانا سے منسوب کرتے ہوئے ’میر ذوالفقار محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کے حق میں دعا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس پاک پروردگار کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے، یہ نام اس کے حق میں بہتری، برکت، اچھی صحت اور خوش قسمتی لائے۔
انہوں نے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ یا اللّٰہ اسے پیار و محبت باٹنے والا، لوگوں سے ہمدردی کرنے والا بنانا، اسے سیدھا راستہ، آپﷺ کا راستہ دکھانا اور ان کی کی شفاعت سے بہرہ مند فرما۔
خیال رہے کہ محمود چوہدری اور بختاور بھٹو کے یہاں تیسرے بیٹے کی پیدائش گزشتہ روز 20 اکتوبر کو ہوئی تھی۔
بختاور اور محمود چوہدری کی شادی 31 جنوری 2021ء کو کراچی کے بلاول ہاؤس میں ہوئی تھی۔
ان کے تیسے بیٹے سے بڑے دو بیٹے میر حاکم محمود چوہدری اور میر سجاول محمود چوہدری ہیں۔
ان کے ہاں پہلے بیٹے میر حاکم محمود چوہدری کی پیدائش 11 اکتوبر 2021ء کو جبکہ دوسرے بیٹے میر سجاول محمود چوہدری کی پیدائش 5 اکتوبر 2022ء کو ہوئی تھی۔