پاکستان کے معروف گائیک، قوال اور صوفی موسیقی کے بادشاہ استاد راحت فتح علی خان نے ڈیلس میں ساڑھے 3 گھنٹے تک نان اسٹاپ پرفارم کر کے محفل لوٹ لی۔
استاد راحت فتح علی خان کے سحر میں مبتلا امریکی شہر ڈیلس کے شائقینِ قوالی اس شام کو یاد رکھیں گے۔
حبا انٹرٹینمنٹ کے ناصر صدیقی کی جانب سے ڈیلس میوزک فیکٹری میں منعقد ہونے والے اس شاندار کنسرٹ میں شریک ہر عمر کے افراد بھرپور لطف اندوز ہوئے۔
سامعین قوالیوں، گیتوں اور غزلوں کے سحر میں مسلسل جکڑے رہے اور راحت فتح علی خان اور ان کی ٹیم کی شاندار اور جاندار پرفارمینس پر جھوم جھوم گئے۔
اس موقع پر استاد راحت فتح خان کے بیٹے شاہ زمان علی خان نے بھی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنی گائیکی کے ذریعے اپنے مرحوم دادا، گائیکی کے عظیم استاد نصرت فتح علی خان کی یادیں تازہ کر دیں۔
شائقین کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایک بار پھر ان کی آواز کی صورت نصرت فتح علی خان زندہ ہو گئے۔
ڈیلس کی یہ شام کلاسیکل اور صوفی قوالیوں اور بالی ووڈ کے ہٹ گانوں سے بھرپور رہی، جس نے سامعین کے دلوں کو موہ لیا، راگوں کے الاپ پر شاہ زمان علی خان کی آواز مرحوم نصرت فتح علی خان کی یاد دلاتی رہی۔
اس موقع پر ناصر صدیقی نے ڈیلس کی ساؤتھ ایشین کمیونٹی سے بھرپور تعاون اور کنسرٹ سولڈ آؤٹ کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔
اس موقع پر عوام کے بھرپور اصرار پر راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے بعد میرے والدین میری سب سے بڑی طاقت ہیں، اور ان کی دعاؤں کی بدولت ہی میری آواز میں وہ مٹھاس اور جادوئی اثر آیا ہے، آپ سب کی محبت اور پزیرائی میرے لیے بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے والد کی طرح عظیم تو نہیں بن سکتا، لیکن میری کوشش ہے کہ میں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی شناخت بناؤں اور ان جیسا بننے کی سعی کروں۔
دریں اثناء ڈیلس کی ساؤتھ ایشین کمیونٹی نے یادوں کی ناقابلِ فراموش شام کا اہتمام کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس شام کو آنے والے برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔