• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راحت فتح علی خان کا وزیر اعظم یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام سے متعلق بیرون ممالک تجربہ کیسا رہا؟


پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے حکومت پاکستان کے یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے حوالے سے کینیڈا اور امریکا کے دورے سے آنکھوں دیکھا، کانوں سُنا احوال پیش کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے مختصر ویڈیو شیئر کی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی نوجوانوں کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خوب سراہا اور انہیں سلام بھی پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ان دنوں کینیڈا اور امریکا کے دورے پر ہیں اس موقع پر نوجوانوں سے متعلق امور پر دونوں ممالک کے لوگوں سے براہ راست ملاقات کا موقع ملا، اور ہر ایک نے وزیرِ اعظم پاکستان کے پروگرام ’ یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام‘ کو خوب سراہا۔

گلوکار نے کہا کہ سیاست سے ہٹ کر یہ ایک فخریہ لمحہ ہے، شہباز شریف اور مشہود احمد خان نوجوانوں کے لیے جو صحت مند سرگرمیاں کر رہے ہیں وہ بہت مثبت ہیں۔

راحت فتح علی خان نے مستقبل میں آنے والی حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ شہباز شریف کے اس پروگرام کو ختم کرنے کے بجائے اسے جاری اور آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نوجوانوں کو مستقبل کا معمار قرار دیا اور یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے انعقاد پر وزیرِ اعظم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید