حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی پاکستانی اداکارہ نعیمہ بٹ کا کہنا ہے کہ شہرت حاصل کرنے کے بعد احساس ہو رہا ہے کہ اس کی کیا قیمت چکانی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں فینز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے وہیں لگ رہا ہے، میرے زیادہ تر فینز نفسیاتی ہیں جو رباب کے کردار کو لے کر پاگل ہو رہے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے شہرت کے منفی پہلو کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور بتایا کہ فینز کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے، بہت سے عجیب و غریب پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق کئی مداح ایسے بھی ہے جو واقعی کام کو پسند کرتے ہیں تعریف کرتے ہیں لیکن بیشتر مداحوں کی تعداد مردوں کی ہے جو رباب کے کردار کو دیوانوں کی طرح پسند کرتے ہیں اور عجیب و غریب پیغامات بھیجتے ہیں، جنہیں دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ شہرت کی یہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
نعیمہ بٹ نے بتایا کہ میں نے پاکستان میں کم کام کیا ہے اس سے قبل 10 برس تک امریکا میں تھیٹر سے وابستہ رہی ہوں۔
ان کے مطابق خاندان میں زیادہ تر ڈاکٹر ہیں اور خود بھی ابتدا میں ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کی لیکن اداکاری کا شوق اتنا تھا کہ امریکا سے اسکالر شپ پر اداکاری اور تھیٹر کی تعلیم حاصل کی۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں تعلقات میں رہ چکی ہوں لیکن تجربہ اچھا نہیں رہا، اب سنگل ہوں اور کسی بھی رشتے کے لیے دستیاب نہیں، خوش گوار زندگی گزار رہی ہوں۔