• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کن 5 ستاروں سے تعلق رکھنے والے افراد خداداد ذہانت اور الہام کے مالک ہوتے ہیں؟

---- فائل فوٹو
---- فائل فوٹو

اگر کسی خاندان میں ذہین افراد کی تعداد زیادہ ہے تو عین ممکن ہے کہ ان کی آنے والی نسل بھی ذہین ہو گی، بچوں میں ذہانت ان کی والدہ سے آتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ ذہانت کا تعلق صرف موروثی ہو بلکہ یہ ایک خداداد صلاحیت ہے۔

5 ستارے ایسے ہیں جنہیں قدرت نے پیدائشی طور پر باصلاحیت اور ذہین بنایا ہے، جن کی چھٹی حس یا الہامی کیفیت اس قدر تیز ہوتی ہے کہ وہ بغیر کسی ٹھوس ثبوت یا وجہ کہ صرف اپنے احساسات کی بنیاد پر درست پیش گوئیاں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

آئیے دیکھتے ہیں کہ کن ستاروں کو قدرت نے اس صلاحیت سے نوازا ہے۔

1: برجِ سنبلہ

برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے تجزیاتی ذہن اور گہری نظر کے سبب کافی شہرت رکھتے ہیں۔

ایسے افراد مشاہدے میں اچھے ہوتے ہیں، ان میں فطری صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ پیچیدہ مشکلوں کا حل بخوبی نکل لیتے ہیں، اس لیے پہیلی بوجھنے، مشکل سوالوں کے حل، کوڈ کریک کرنے میں دوسرے ستاروں کی نسبتاً یہ لوگ کافی ماہر ہوتے ہیں۔

ان کا الہام اس قدر اچھا ہوتا ہے کہ وہ اکثر دوسروں کے مقابلے میں چیزوں کو ہونے سے پہلے محسوس کر لیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی اکثر پیش گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں۔

2: برجِ دلو

برجِ دلو کے افراد اپنی دور اندیشی کے لیے شہرت رکھتے ہیں، یہ صرف اگلے لمحے یا آنے والے کل کے بارے میں ہی نہیں بلکہ 10- 20 سال آگے کا سوچتے ہیں۔

ان کے ذہن میں ہر وقت ناقابلِ یقین حد تک آگے سے متعلق مختلف خیالات و نظریات جنم لیتے رہتے ہیں۔

برجِ دلوں کے افراد کی ذہانت صرف حقائق اور اعداد و شمار پر مشتمل نہیں ہوتی بلکہ یہ تخلیقی ذہن کے مالک ہوتے ہیں جو انہیں دوسروں سے منفرد بناتا ہے۔

یہ اپنے اردگر ہونے والی باریک سے باریک تبدیلی کو فوراً محسوس کر لیتے ہیں، جس سے انہیں مستقبل کے بارے میں بہتر نظریہ اور چیزوں کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

تنہائی ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے لیے ایندھن کی طرح ہے، انہیں خواب، تصور اور منصوبہ بندی کے لیے تنہائی میں رہنے کی عادت اور ضرورت ہوتی ہے۔

3: برجِ حوت

برجِ حوت کے حامل افراد کو اکثر خیالی پلاؤ بنانے والا یا خواب دیکھنے والا سمجھا جاتا ہے لیکن درحقیقت یہ بہت ذہین اور گہری نظر رکھنے والے ہوتے ہیں۔

ان کے ذہن میں منطق اور تخلیقی صلاحیتوں کا ایک دلچسپ امتزاج ہے، جس کی وجہ سے وہ پیچیدہ چیزوں کو آسانی کے ساتھ سمجھ جاتے ہیں۔

برجِ حوت کے افراد دوسروں کے ساتھ ہمدردی کرنے کی غیر معمولی صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں، یہ دوسروں کا دکھ درد اسی طرح محسوس کرتے ہیں جیسا کہ یہ ان کا اپنا ہو اور ان کی یہی عادت انہیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔

ان کی چھٹی حِس تنہائی میں بہتر انداز میں کام کرتی  اور فیصلہ سازی میں ان کی مدد کرتی ہے، ان کی چھٹی حِس انہیں اکثر ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کافی فائدہ پہچاتی ہے۔

4: برجِ عقرب

برجِ عقرب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی بے پناہ ذہانت، چھٹی حِس اور الہام کے لیے کافی شہرت رکھتے ہیں۔

اگر کسی موضوع یا چیز میں ان کی دلچسپی ہو تو وہ اس کی گہرائی تک جانے اور ایسی چیزیں کھوج نکالنے کی مہارت رکھتے ہیں جو کسی اور نے سوچی بھی نہیں ہوتیں۔

ان کی ذہانت صرف علمی میدان میں ہی نہیں بلکہ پیچیدہ انسانی فطرت، اپنے ارد گرد کے ماحول اور لوگوں کو سمجھنے میں بھی کافی اچھی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ برجِ عقرب سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر وہ بھی جان لیتے ہیں جو کبھی کہا ہی نہیں گیا، یہ جھوٹ میں سے بھی سچ ڈھونڈ نکالتے ہیں اور فوراً محسوس کر لیتے ہیں کہ کچھ غلط ہونے والا ہے۔

برجِ عقرب کے افراد تنہائی پسند ہوتے ہیں، ان کے لیے تنہائی خود شناسی اور خود کا تجزیہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔

5: برجِ جدی

برجِ جدی کو ان کے عمل، نظم و ضبط اور ناقابلِ یقین حد تک بصیرت رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے۔

ان کی ذہانت اکثر مسائل کے حل کے لیے ان کے طریقہ کار اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت کے ذریعے جھلکتی ہے۔

جدی وہ لوگ ہوتے ہیں جن سے آپ کسی بھی ٹھوس منصوبہ بندی یا قابلِ اعتماد حل کے لیے رجوع کر سکتے ہیں لیکن صرف ذہانت ہی ان کی طاقت نہیں ہوتی بلکہ ان کی چھٹی حِس بھی اتنی ہی تیز ہوتی ہے کہ یہ کسی کے بھی احساسات کو بغیر کہے ہی سمجھ جاتے ہیں۔

تنہائی میں رہ کر جدی افراد اپنی منصوبہ بندی اور حکمتِ عملی تیار کرتے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید