ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے اسرائیل کو انتقامی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران پر جارحیت کا متناسب جواب دیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق نائب صدر محمد رضا عارف نے تہران میں حماس اور حزب اللّٰہ کے نمائندوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر محمد رضا عارف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ جارح ردعمل کا منتظر رہے، مناسب وقت اور حالات میں اسرائیل کو متناسب جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عرقچی نے کہا کہ فوجی مراکز پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پورا حق رکھتا ہے کہ اس جارحیت کا مناسب جواب دے، یہ حملے غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی نسل کشی سے الگ نہیں کیے جاسکتے۔
وزیر خارجہ عباس عرقچی نے مزید کہا کہ دنیا کو عالمی امن اور سلامتی کے لیے اس مشترکا دشمن کیخلاف متحد ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید نے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں بھی واضح کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مجرمانہ اقدام کا جواب ایران کا قانونی حق ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے اسرائیلی حملوں میں 4 فوجی شہید ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تہران، خوزیستان اور ایلام میں ریڈار نشانہ بنائے گئے تھے تاہم فضائیہ کے بروقت اقدام سے بہت کم نقصان پہنچا۔