• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو: کشمیریوں کا یومِ سیاہ، اقوامِ متحدہ دفتر، بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرے

تصویر بشکریہ رپورٹر
تصویر بشکریہ رپورٹر

کشمیر یک جہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ کی جانب سے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں اقوامِ متحدہ کے دفتر اور بھارتی سفارت خانے کے سامنے یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس میں پاکستانی کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شاہد مجید، کشمیری رہنما مرزا خلیل بیگ اور ملک یونس نے جاپان کی سیاسی سماجی دینی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ اقوامِ متحدہ ٹوکیو اور بھارتی سفارت خانے کو یادداشت بھی پیش کیں۔

سفارت خانۂ پاکستان ٹوکیو میں بھی یومِ سیاہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جاپان کی معروف تنظیموں کے سربراہان ملک یونس، قاری علی حسن، علامہ شکیل ثانی، فواد مشتاق رئیس صدیقی، سلیم شاہ، یاسر گیلانی، شیخ تنویر، فیاض الدین حمید رحمانی، رضا بٹ، شیخ عارف، یعقوب مغل، سردار خوش حال نے تقریب سے خطاب کیا۔

سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

سفیرِ پاکستان نے اپنے خطاب میں حاضرین کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے غیور اور بہادر کشمیریوں کے غیر متزلزل جذبے کو سراہا اور اس سلسلے میں جاپان میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری کے جذبے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاکستانی کمیونٹی اور کشمیری نمائندوں نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کیا اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کیا۔

سفارت خانے کی جانب سے بھارتی افواج کے مظالم اور بربریت دکھانے کے لیے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

خاص رپورٹ سے مزید