• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قابل فروخت مکانوں کی تعداد 4 سال کی اونچی سطح پرپہنچ گئی

لندن (پی اے) برطانیہ میں قابل فروخت مکانوں کی تعداد 4سال کی اونچی ترین سطح پر پہنج گئی ہے اور پراپرٹی ڈیلرز کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پورے برطانیہ میں306,000ہزاروں مکانوں کی فروخت آخری مراحل میں ہیں، جن کی فروخت کی تکمیل اگلے سال کے وسط تک ہونے کا امکان ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کے مطابق اس وقت 113بلین پونڈ مالیت کا ایک مکان بھی فروخت کیلئے خریدار کا منتظر ہے پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پراپرٹی کی خریدوفروخت میں تیزی کا یہ رجحان دسمبر تک بلکہ اس کے بعد بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ مکان خریدنے والے یا مکان تبدیل کرنے والے لوگ، جو مارگیج کی شرح میں کمی کے انتظار میں تھے، اب مکانوں کی خریداری کیلئے سامنے آگئے ہیں، جس کی وجہ سے پراپرٹی کی خریدوفروخت میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ مکانوں کی خریدوفروخت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ مکان کے کرائے میں ہونے والا تیزی سے اضافہ ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ مکان کرائے پر دینے کیلئے بھی خرید رہے ہیں جبکہ مارگیج کی شرح کم ہوجانے کے بعد اب پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران پراپرٹی کی فروخت میں اضافے سے خریداروں اور فروخت کرنے والوں کے اعتماد میں اضافے کا اظہار ہوتا ہے اور اس کا بنیادی سبب قرض پر شرح سود میں اور لوگوں کی آمدنی میں ہونے والا اضافہ ہے۔ دستیاب ڈیٹا کے مطابق رواں سال کے دوران کم وبیش 1.1 ملین مکان فروخت ہوچکے ہیں، اس طرح مکانوں کی فروخت میں رواں سال کے دوران مجموعی طورپر2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارگیج کی شرح میں کمی سے پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن مارگیج کیلئے بھاری ڈپازٹ کی شرط اب بھی برقرار ہے اور یہ شرط پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں کیلئے اب بھی بہت دشوار ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مکان کی خریداری کیلئے مالی مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کرائے سے جان چھڑانے کے خواہاں لوگ بھی مکان خرید سکیں جبکہ مکان کی قیمتوں کو ایک حد میں رکھنے اور طلب ورسد میں توازن پیدا کرنے کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ نئے مکانوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اس کیلئے ضروری معاونت اور مدد فراہم کی جائے۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مکانوں کی فروخت کا انحصار معاشی صورت حال پر ہوتا ہے، معیشت مضبوط ہو تو خریدوفروخت میں تیزی پیدا ہوتی ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کے مطابق مکان کرائے پر دینے کیلئے خریداری کے رجحان میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور حادثاتی طورپر مالک مکان بننے والے لوگ مارکیٹ سے نکل رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید