لندن (پی اے) جان لیوس نے اپنے ڈپارٹمنٹل اسٹور اور ویٹ روز گروسری کیلئے تہوار کے دنوں کیلئے 12,500عارضی ملازم بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جان لیوس کا کہنا ہے کہ وہ اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں 4,100زیادہ عارضی ملازمین کی خدمات حاصل کرے گا۔ ان لوگوں کی خدمات ویٹ روز اور جان لیوس کی دکانوں اور گروپ کے پورے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کیلئے حاصل کی جائیں گی تاکہ بلیک فرائیڈے، کرسمس اور جنوری میں جان لیوس کی فروخت میں مدد مل سکے۔ ویٹ روز اگلے ہفتوں کے دوران اپنی 300سے زیادہ دکانوں میں کام کیلئے 7,700سیزنل ورکرز کی بھرتی شروع کردے گا۔ بھرتی کئے جانے والے لوگوں میں سپرمارکیٹ کے اسسٹنٹس، نائٹ شفت کے ورکرز اور کسٹمر ڈلیوری ڈرائیورز شامل ہوں گے۔ جان لیوس کے 34 اسٹورز کیلئے 2,000 عارضی ورکز کی بھرتی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ملازمت میں بڑی تعداد میں لوگوں کی دلچسپی کی وجہ سے اب بہت کم اسامیاں خالی رہ گئی ہیں۔ ادارہ آن لائن کام بڑھ جانے کی وجہ سے اپنی سپلائی چین کیلئے بھی ایجنسیوں کے ذریعے گودام میں کام کرنے والے ورکرز اور ڈرائیور سمیت 2,800افراد بھرتی کررہا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران کرسمس سے متعلق اشیاء کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور ویٹ روز میں کرسمس میں استعمال ہونے والی اشیاء کی فروخت میں کم وبیش25فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ جان لیوس میں کرسمس کی آرائشی اشیاء کی فروخت یا طلب میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔