لندن (پی اے) ریل آپریٹر نے خودکشی کی روک تھام کا ایوارڈ جیت لیا۔ گزشتہ روز جنوب مشرقی ریلوے کو اپنے نیٹ ورک پر لوگوں کو خود اپنے آپ کو نقصان پہنچانے سے روکنے کیلئے کام کو 2ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ ساؤتھ ایسٹ لندن اور کینٹ اور ایسٹ سسیکس میں خدمات انجام دینے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے عملے نے اپریل اور اکتوبر کے درمیان خودکشی روک کر زندگی بچانے کیلئے 204مداخلتیں کیں۔ جنوب مشرقی ریل کے ملازمین نے یہ کارنامہ 1,813ملازمین کو خود کشی کی روک تھام کی تربیت دیئے جانے کے بعد انجام دیا ہے۔ خیراتی ادارے مائنڈ کے زیر اہتمام کینٹ مینٹل ویل بینگ ایوارڈز کی تقریب میں کمپنی کو 2 ایوارڈز دیئے گئے۔ ان میں سے ایک پاس اٹ آن مہم کے لئے تھی، جس میں ذہنی صحت، سماجی خدمات، پروبیشن، پولیس، منشیات اور شراب فروخت کرنے والی ایجنسیوں ہاؤسنگ کے محکموں اور کمیونٹی سیفٹی پارٹنرشپ میں کام کرنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ وہ ریلوے پر خود کو نقصان پہنچانے کے خطرے سے دوچار لوگوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کریں۔ ساؤتھ ایسٹرن کے غیر قانونی اور خودکشی میں کمی کے منیجر کولیٹ ونڈسر نے کہا ʼریلوے پر ہر موت ایک المیہ ہوتا ہے اور اس میں ملوث شخص یعنی خودکشی کرنے والوں کے پیاروں کے ساتھ ساتھ ہمارے عملے اور مسافروں پر بھی بہت بڑا اثر پڑتا ہے، جو واقعات کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ساؤتھ ایسٹرن فرنٹ لائن اسٹاف کو ان لوگوں سے رابطہ کرنے کی مہارت فراہم کرتا ہے، جن کے بارے میں وہ فکرمند ہیں۔ انہوں نے کہا "اس سال اب تک بڑی تعداد میں کامیاب مداخلتوں سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ اس سے بہت بڑا فرق پڑ رہا ہے۔ بیکسلے اور ایسٹ کینٹ میں مائنڈ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ڈیوڈ پامر نے کہا کہ اب ذہنی صحت کی خدمات پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے بعد پیدا ہونے والے چیلنجز، زندگی گزارنے کے اخراجات کا بحران، بڑھتی ہوئی غربت، مالی دباؤ اور عالمی سیاسی اتار چڑھاؤ نے عوامی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ذہنی پریشانیوں اور تناؤ کے اثرات ʼانتہائی کمزورʼ ہوسکتے ہیں۔ "قابل رسائی سپورٹ اور مقامی نیٹ ورکس تک رسائی واضح اور آسان ہونا چاہئے، جب بھی کوئی محسوس کرتا ہے کہ اسے اس اہم اضافی مدد یا کنکشن کی ضرورت ہے۔