کرا چی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے منگل کی صبح لاہور سے جرمنی روانہ ہوگئی، ایونٹ 21سے 24جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم یورپ کی ٹاپ تھری ٹیموںسے مقابلہ کرے گی ۔پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم جرمنی میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے لاہور سے براستہ استنبول جرمنی کے لئے روانہ ہوئی ۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت ہالینڈ، بیلجئیم اور میزبان جرمنی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہاکی ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد جرمنی کے مقامی کلبوں کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔دورے میں ٹیم کی قیادت دلبرحسین جبکہ اظفر یعقوب نائب ہوں گے ۔دیگر کھلاڑیوں میں عثمان غنی، عاطف مشتاق، مبشرعلی، ابوبکر، محمد قاسم، جنید کمال، شان ارشاد، عتیق ارشد بلال قادر، راناسہیل، سمیع اللہ، محمد رضوان، حسن انور اور فیضان شامل ہیں جبکہ ٹیم کے مینیجر طاہرزمان اورکوچ ذیشان اشرف ہوں گے۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان دلبر حسین کا کہنا تھا کہ اصل ہدف ورلڈ کپ کی تیاری ہے اور ٹیم کی اب تک کی تیاریوں سے مطمئن ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پرجوش ہیں ۔قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ٹاپ تھری ٹیموں سے کھیل کر کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیکھنے کو بھی بہت کچھ ملے گا جبکہ کھلاڑی جیت کے لیے پر امید ہیں۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ اس دورہ سے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ ہمیں یورپی ٹیموں کی قوت اور طاقت کا بھی اندزاہ ہوجائے گا، کھلاڑیوں کو ان کی تیکنک اور فٹنس کا بھی اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔