اسلام آباد(جنگ نیوز)یونائیٹڈ بزنس گروپ کی سنٹرل کور کمیٹی کے رکن احسن بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری طبقے کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی تعاون اور ایک منظم لائحہ عمل میں پوشیدہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر راجہ یسین کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ظفر بختاوری،نو منتخب صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی،چوہدری ناصر،اسد عزیز، راجہ جاوید اقبال،عاصم عباسی،عبدالرحمٰن صدیقی و دیگر بھی موجود تھے،احسن بختاوری نے عشائیہ میں شریک کاروباری برادری کے نمایاں افراد اور معزز مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل، خصوصاً توانائی بحران، بلند شرح سود، اور تجارتی ماحول میں عدم استحکام جیسے چیلنجز کے حل کیلئے یو بی جی سنجیدہ اور موثر اقدامات کر رہی ہے۔ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کا مقصد تاجر برادری کی حمایت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔