چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے معروف پاکستانی دانشور اور اسکالر پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ علمی میدان میں مرحوم ڈاکٹر اسلم سید کی بے مثال خدمات، علم کے فروغ میں اُن کے جذبے، معاشرتی ترقی کے لیے غیر متزلزل وابستگی، اعلیٰ اخلاقی معیار اور معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد بے مثال تھی، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
علی رضا سید نے اپنے بیان میں پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کو عظیم ’کشمیر شناس‘ دانشور کے نام سے یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم علم کا ایک عظیم منبع تھے، انہوں نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا، کشمیر کونسل یورپ کے تمام عہدیدار ان کی کشمیر کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مرحوم نے کشمیر کونسل یورپ کے کئی پروگرامز میں شرکت کی، اس کے علاوہ بھی کشمیریوں کے حقوق اور ان پر بھارتی ظلم وستم کو دنیا کے سامنے اٹھایا، کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان پر بھارتی مظالم کے خلاف مرحوم کی بے لوث اور بلا تفریق جدوجہد کسی سے چھپی ہوئی نہیں۔
علی رضا سید نے کہا ہے کہ غم کے ان لمحات میں ہم مرحوم کے خاندان، دوستوں اور احباب سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ ڈاکٹر اسلم سید کی مغفرت فرمائے اور ان کے عزیز و اقارب کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ عظیم پاکستانی فلاسفر اور کہنہ مشق مفکر پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید گزشتہ روز (اتوار کو) جرمنی کے شہر بون میں انتقال کر گئے۔
پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید اپنی عظیم علمی میراث اور عوامی خدمت کی بدولت معاشرے میں ناقابلِ فراموش نقش چھوڑ گئے۔