چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مرحوم سید علی گیلانی کو تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی خاطر طویل مدت قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہا کہ مشکلات کے باوجود علی گیلانی اپنے ارادوں میں مستحکم رہے، کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم علی گیلانی نے 3 کشمیری نسلوں کو اپنی انتھک جدوجہد سے متاثر کیا، وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے، وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
علی رضا سید کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی نے اپنے عظیم مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ ان کی غیرمشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ علی گیلانی اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کی ولولہ انگیز قیادت، رہنمائی اور عظیم جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے، ایسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہے۔
علی رضا سید نے مزید کہا کہ علی شاہ گیلانی پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر ڈٹے رہے ان کی یہ جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے۔
اس موقع پر سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
علی رضا سید کا کہنا ہے کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم سید علی گیلانی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور کشمیریوں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین
اس موقع پر کور کمیٹی کے شرکاء نے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید سے ان کے 3 قریبی رشتے داروں کی وفات پر بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔